لاہور میں ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی آپریشنل کردی گئی، پولیس نے شائقین کے روپ میں آئے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کیلئے بھی سسٹم متحرک کردیا۔
پولیس کے مطابق ٹرائی نیشن سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے دوران قذافی اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں ڈرون اڑانے پر پابندی ہوگی، ڈرون کے سگنلز جیم کرنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی آپریشنل کی۔
پولیس کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو میچز کی سیکیورٹی کیلئے اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب شائقین میں مشکوک افراد کو روک کر ان کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا، پولیس کے مطابق اس سسٹم کے ذریعے قذافی اسٹیڈیم میں آنے والے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کی جائے گی، پولیس اور دیگر ادارے مشتبہ افراد کے کوائف کی چیکنگ کریں گے۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ فریقی ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز 8 اور 10 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور جبکہ دو میچز 12 اور 14 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔