اسلام آباد میں جعلسازی کے خاتمے کیلئے اسٹامپ پیپرز کا اجراء بائیو میٹرک ویری فکیشن سے مشروط کردیا گیا۔ ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک کے بغیر جاری تمام اسٹامپ پیپرز جعلی تصور ہونگے۔
اسلام آباد میں جعلی اسٹامپ پیپرز کے مکمل خاتمے کیلئے بڑا قدم اٹھالیا گیا، وفاقی دارالحکومت میں اسٹامپ پیپرز کا اجراء بایومیٹرک ویری فکیشن سے مشروط کردیا گیا، بایو میٹرک کے بغیر جاری ہونیوالے تمام اسٹامپ پیپرز جعلی تصور ہوں گے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق کوئی بھی وینڈر نادرا بایو میٹرک کے بغیر اسٹامپ پیپرز جاری نہیں کرسکے گا، بایو میٹرک کے بعد شہر سے جعلی اسٹامپ پیپرز کا خاتمہ ہوجائے گا۔
ڈی سی کا مزید کہنا ہے کہ جعلی اسٹامپ پیپرز سے شہریوں کو ریونیو اور دیگر معاملات میں مسائل کا سامنا تھا، جعلی اسٹامپ پیپرز کی وجہ سے کئی فراڈ کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، بایو میٹرک ویریفکیشن کے بعد شہری محفوظ ٹرانزیکشنز کرسکیں گے۔