پیٹرول پرائسز کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کابینہ کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر اظہاراطمینان کیاہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے، آئندہ ہفتوں میں سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے متعدد درآمدی انتظامات کئے جا چکے ہیں ۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے زیر صدارت اجلاس میں خطے اور عالمی سطح پر توانائی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کےذخائر کی تفصیلی جانچ کی گئی ۔ کمیٹی کو خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ قومی ذخائر، جاری درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کے امور پر بریفنگ دی گئی ۔ عالمی منڈی میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حالیہ رجحانات کا بھی بتایا گیا ۔
کمیٹی نے عالمی توانائی منڈی کے ممکنہ منظرناموں پر غور کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ عالمی توانائی منڈیوں میں غیریقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی سپلائی پوزیشن مستحکم اور مؤثر منصوبہ بندی اور بین الوزارتی رابطہ کاری کےباعث بہتر اندازمیں منظم ہے۔ حکومت مارکیٹ کے استحکام، قومی توانائی کے تحفظ اور موجودہ عالمی صورتحال کے دوران سپلائی چین کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔





















