صاف اور سرسبز پنجاب کا وژن، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے بڑے اقدامات اٹھالیے گئے، اربوں روپے کی مالیت کے صوبے بھر میں 30 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز نصب کردیئے گئے، اسی سال 31 مارچ تک 30 مزید مانیٹرز لگائے جاٸیں گے، اس سے قبل ان مانیٹرز کی تعداد صرف تین تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے ہر کونے کے فضاٸی تحفظ کیلئے 100 اے کیو آٸی مانیٹرز کے ہدف کی تکمیل پر کام جاری ہے، فضائی آلودگی پر سخت نگرانی کیلئے لاہور میں 5 موبائل اور 8 فکسڈ مانیٹرنگ اسٹیشنز قاٸم کردیئے گئے، اسٹیشنز خود کار نظام کے تحت سیٹلاٸٹ سے منسلک ہر گھنٹے کا فضاٸی ڈیٹا فراہم کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں ایئرکوالٹی اسٹیشنز قائم کردیئے گئے، حکومت کو فضائی آلودگی سے متعلق فوری اور درست معلومات کی فراہمی ممکن بنادی گٸی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صنعتی اور شہری علاقوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے فکسڈ مانیٹرنگ اسٹیشنز سے آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرنا آسان ہوگا، فضائی آلودگی کیخلاف جنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے کاربن مونو آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور اوزون کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ترین ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔