الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج اور منتقلی یا درستگی کی کل (بدھ کو) آخری تاریخ ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 18 سال یا زیادہ عمر والے تمام پاکستانی بشمول خواتین، نوجوان، اقلیتی برادری، افراد باہمی معذوری، خواجہ سرا کمیونٹی اور معاشرے کے تمام محروم طبقات جن کے پاس قومی شناختی کارڈ ہوں، وہ فوری طور پر اپنا ووٹ چیک کرنے کے لئے 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کریں،درج نہ ہونے یا کسی بھی غلطی کی صورت میں اپنے ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس تشریف لے جائیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق 25 اکتوبر 2023 ووٹ کے اندراج، منتقلی، کوائف کی درستی اور اخراج کی آخری تاریخ اور آخری موقع ہے ۔اس کے بعد انتخابی فہرستوں کو منجمد کر دیا جائے گا اور ووٹ کا اندراج اور منتقلی نہیں ہو سکے گی۔
ووٹ اندراج اور منتقلی کے لئے فارم 21 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے، اسے پر کر کے ،دستخط اور نشان انگوٹھا لگا کر اپنے ضلعی الیکشن کمیشن دفتر میں جمع کرائیں۔ایک گھرانے کا سربراہ اپنے خاندان کے افراد کے فارم جمع کرا سکتا ہے۔یاد رہے کہ قانون کے مطابق آپ کا ووٹ صرف آپ کے شناختی کارڈ پر درج عارضی یا مستقل ایڈریس پر ہی ممکن ہے۔