ملتان میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا ہے، پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 76 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں، کپتان شان مسعود، اوپنر محمد ہریرہ، کامران غلام اور بابر اعظم وکٹیں گنوا گئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم نے 76 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں۔
پاکستان ٹیم کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، محض 5 رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، شان مسعود اور ہریرہ نے 2، 2 رنز بنائے، کامران غلام 19 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل بابر اعظم بھی 31 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے مزید 178 رنز جبکہ ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز کی 9 رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا ہے۔
میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 163 رنز بنائے تھے۔
پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ میچ کے پہلے روز ہی 20 وکٹیں گر گرگئیں۔
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر میکائل لوئس اور کپتان کریگ براتھ ویٹ نے 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب میکائل لوئس 7 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر شان مسعود کو کیچ تھما بیٹھے۔
ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان کپتان کریگ براتھ ویٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعہ 92 تھا، وہ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عامر جنگو بھی 30 انفرادی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، کیوم ہوج 15، ایلک اتھانزے 6، جسٹن گریوز 10، کیون سنکلیئر 28 رنز بنا کر وکٹیں گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے چار 4 جبکہ ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔