آج مہنگائی کے دور میں ہر شخص کی خواہش ہے کہ اس کی اپنی چھت اور اپنا گھر ہو۔ لیکن بڑھتی مہنگائی ان کے خواب کی تعبیر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے تاہم وفاقی حکومت نے ملک بھر میں عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کیلئے کنسٹرکشن پیکیج کا اعلان کردیا۔
سماء سے گفتگو میں ہاوسنگ ٹاسک فورس کمیٹی کے ممبر اور سب کمیٹی اربن ڈویلپمنٹ کے چیئرپرسن حافظ نعمان نے کہا کہ عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کنسٹرکشن پیکیج لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کنسٹرکشن پیکیج سے ہاؤسنگ انڈسٹری ترقی کرے گی اور عوام کو سستے گھر مل سکیں گے۔
حافظ نعمان نے کہا کہ تعمیرات میں ٹیکس پر ریلیف، پراپرٹی لین دین ٹیکس پررعایت دی جائےگی، وفاق نے صوبوں کوہدایات دے دیں،ایف بی آر سے بھی بات چیت جاری ہے۔ ہاؤسنگ اورکنسٹرکشن انڈسٹری کو مضبوط بنانے کےلئے بینک کنزیومر فناسنگ کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک، تمام بینک اور وزارت اس بات سےمتفق ہیں، عام آدمی کیلئے قسط چھوٹی رکھی جائے تاکہ آمدنی اور خرچےمیں توازن آئے۔ ہمارا گرین زون ختم ہورہا ہے،زراعت تباہ ہورہی ہے، گرین زون بچانے کیلئے ہائی رائز بلڈنگزبنائی جائیں۔
حکومت کی طرف سے ہاؤسنگ پراجیکٹس کے لیے ایپکس ہاؤسنگ فنانس انسٹی ٹیوشن کے قیام سمیت سمیت 14 سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ہاؤسنگ پراجیکٹس اور تعمیرات کی صنعت کے فروغ کے لیے سنگل ڈیجٹ پالیسی سمیت مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔ پیکیج کے تحت بنک اپنے پرائیوٹ سیکٹر کے قرضوں میں سے 10 فیصد ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن کے شعبے کے لیے مختص کریں گے۔ مذکورہ شعبے کے فروغ کے لیے بنکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے درمیان تعاؤن کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پالیسی ریٹ میں کمی اور 10 سے 20 سال تک کے فکسڈ ٹرم قرضوں پر اتفاق کیا تاکہ خاص طور پر کم لاگت والے ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے مارگیج فنانسنگ کو فروغ دیا جا سکے۔