امریکی وزیر خارجہ نے تمام غیرملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کردیے۔
امریکی میڈیا کےمطابق معطل کیے گئے پروگراموں میں یوکرین،تائیوان اور اردن کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے،یہ امدادی پروگرام ابتدائی طور پر 90 روزکیلئےمعطل کیےگئے ہیں، دستاویز کےتحت صرف خوراک کی ہنگامی امداد اور اسرائیل اور مصر کے لیے استثنیٰ حاصل رہے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیاجس میں کہا گیا ہےکہ تمام امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کردیں۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو ذاتی طور پر اب ان پروگراموں کا جائزہ لے کر ان میں تبدیلی یا مکمل طور پر ختم کرنےکا فیصلہ کریں گے۔تاحال اس خبرکی تصدیق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے نہیں کی گئی۔
صدرٹرمپ نے پیر کے روز جاری ایگزیکٹیو آرڈر میں غیرملکی ترقیاتی امداد کو مؤخر کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ اس کے مؤثر ہونے اور ان کی خارجہ پالیسی سے ہم آہنگی کا جائزہ لیا جا سکے۔