ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے انکشاف کیا ہے کہ مارکیٹ میں ملاوٹ شدہ ایل پی جی فروخت ہورہی ہے۔
نجی ٹی وی نے عرفان کھوکھر کے حوالے سے بتایا کہ ملاوٹ مافیا ایل پی جی باؤزر سے گیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ ملا رہا ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سے پریشر 900 سے 1200 تک بڑھ جاتا ہے جبکہ ایل پی جی سلنڈر کا پریشر 540 تک ہوتا ہے، اسی لئے سلنڈر پھٹ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 300 روپے کلو فروخت ہونے والی ایل پی جی میں 15 روپے کلو والی کاربن ڈائی آکسائیڈ ملا کر فروخت کی جارہی ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملاوٹ کے خلاف اوگرا نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے اور اب تک درجنوں کمپنیوں کے ملاوٹ شدہ کیمیکل سے بھرے کنٹینر پکڑلئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پکڑے گئے باؤزر اور پلانٹ سے لئے گئے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے، جن کی تحقیقات کے بعد مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔