وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں بار بار کورم ٹوٹنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو بلانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے اور ذرائع کے مطابق تمام وزرا اور مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے کورم ٹوٹنے کا معاملہ اٹھایا تھا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پارلیمانی پارٹی کو تحریک انصاف سے مذاکرات پر بھی اعتماد میں لیں گے۔
اجلاس میں اراکین کو کورم پورا رکھنے اور کارروائی میں حصہ لینے کی ہدایات دی جائیں گی۔