ملتان میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 4 وکٹوں پر 143 رنز بنالئے، محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچریاں بنائیں۔
ملتان میں پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز صرف 46 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کو پہلا نقصان محمد ہریرہ کی صورت میں اٹھانا پڑا، ڈیبیو کرنیوالے ہریرہ صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان شان مسعود 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کامران غلام 5 اور بابراعظم 8 رنز بناسکے۔
سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں بالترتیب 56 اور 51 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جائیڈن سیلز نے 3 اور گداکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کرکے آخری اننگز میں دباؤ ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ ٹاس صبح 9 بجے جبکہ میچ کا آغاز ساڑھ 9 بجے ہونا تھا لیکن دھند کے سبب میچ تاخیر سے شروع ہوا۔