حکومت سندھ نے ایک ماہ میں بے کار گاڑیاں نیلام کرکے سرکاری ملازمین کیلئے الیکٹرک گاڑیاں (ای وی) خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیرِصدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔
شرجیل انعام میمن نے گاڑیوں کی الاٹمنٹ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے گائیڈ لائنز پر عمل کی ہدایات کیں۔ انہوں نے نے کہا کہ نیلامی کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے، ای وی گاڑیاں خریدنے سے حکومت کو فائدہ ہوگا، پی او ایل کی بچت ہوگی اور نیلامی میں آسانی ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت کیلئے پُرعزم ہیں، غیرمجاز افراد حکومتی احکامات کے تحت گاڑیاں واپس کریں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ بے کار گاڑیوں کی بروقت نیلامی بہت اہم ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عوام کا پیسہ بچانا ہے، حکومتی اخراجات میں شفافیت کو یقینی بنانا اولین مقصد ہے۔
دوران اجلاس مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق 10 سالہ ریکارڈ بھی پیش کیا۔