نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ایران کے قونصل جنرل حسن نورین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام مسلم ممالک آپس میں بھائی بھائی ہیں،آپ نے سندھ میں خود کو الگ محسوس نہیں کیا ہوگا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ تہران اور اصفہان چیمبر آف کامرس نے کراچی چیمبر کے ساتھ ایم اویو پر دستخط کیا ہے،اس ایم او یو سے تجارت کے نئے مواقع کھلیں گے۔
حسن نورین کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایم او یو کے تحت پھل، سبزیاں اور پیٹرولیم مصنوعات ایران پاکستان بھیج سکے گا۔ ایران، عراق اور عمان کے درمیان زمینی راستے سے سیاحت کے دروازے بھی کھل جائیں گے، ایران یا پاکستان سے کوئی سرمایہ کار آگے آئے تو فری سروس شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں ایرانی اسٹوڈنٹس کا ویزا بہت مشکل ہے،اس وجہ سے یہاں صرف 10سے 15اسٹوڈنٹس تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ اسٹوڈنٹس ویزا آسان کرنے کے لیے اور بینک اکائونٹس کی سہولیات دینے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔ نگراں وزیراعلی سندھ اور قونصل جنرل نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت بھی کی۔