کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونیوالے اوپنر صائم ایوب کا لندن کے کلیو لینڈ اسپتال میں علاج آج سے شروع ہوگا۔
جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونیوالے صائم ایوب کا آج کلیو لینڈ اسپتال میں ایم آر آئی کیا جائے گا، جس کی رپورٹ آنے کے بعد 2 ماہر ڈاکٹرز کا پینل جمعرات کو انجری کا معائنہ کرے گا۔
صائم ایوب کو چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر علاج کیلئے لندن بھیجا گیا ہے، ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی اوپنر صائم ایوب لندن پہنچے تو پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران نے ان کا استقبال کیا، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل خود صائم ایوب کے علاج معالجے کے معاملات کی نگرانی کریں گے۔
صائم ایوب نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں بیٹنگ نہیں کی تھی، قومی ٹیم دوسرا ٹیسٹ 10 وکٹ سے ہار گئی جبکہ سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔