نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد سے لاہور کیلئے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوا۔ دو مسافروں کو آف لوڈ کرنا اوراسحاق ڈار،اعظم نزیر تارڑ کو طیارے میں سوار کرانا تاخیر کا باعث بنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قائد مسلم لیگ ن اسلام آباد ایئرپورٹ سےلاہورروانگی کیلئے دوبارہ طیارےمیں سوار ہوئے تو کچھ بدمزگی پیدا ہو گئی۔ سامان گم ہونے پر کارکن آپس میں الجھ پڑے۔ ہاتھا پائی اور دھکم پیل کے بعد دو کارکنوں ملک نور اعوان اور ناصرجنجوعہ کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ کے نام کمپنی سےآن لائن رابطہ کرکے مسافروں کی فہرست میں شامل کرائے گئے۔ ان کے سوار ہونے کے بعد نوازشریف کا طیارہ چار بج کر اٹھارہ منٹ پر اپنی اگلی منزل لاہور کی جانب پرواز کر گیا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے لندن سے براستہ دبئی پاکستان پہنچ گئےہیں، نواز شریف لاہور ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ پہنچے، جہاں شہباز شریف سمیت ن لیگ کے دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔نواز شریف اور دیگر ن لیگی رہنماؤں نے مینار پاکستان جلسے کیلئے روانگی سے قبل نماز مغرب ادا کی، جس کے بعد وہ جلسے کیلئے گاڑی کے ذریعے مینار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔