پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزداہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مینڈیٹ واپسی اور 26 ویں آئینی ترمیم کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا وعدہ پورا نہیں کیا اور دیکھتے ہیں حکومت کب اپنا وعدہ پورا کرتی ہے، اس کے بعد ہی بتا سکتے ہیں کہ مذاکرات کا کیا بن سکتا ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ واپسی اور 26 ویں آئینی ترمیم کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے، ابھی 26 نومبر کی تحقیقات اور اسیران کی رہائی کا مطالبہ سامنے رکھا ہے، ابھی اس حوالے سے کوئی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کا استحقاق ہے کہ وہ کس مطالبے کو ترجیح دیتے ہیں ، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں فیصلہ سنانے کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں ہے، مقدمے کا فیصلہ اگر جعلی قسم کا آیا تو مذاکراتی عمل پر فرق پڑے گا اور تلخی بڑھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کی ڈیڈ لائن 31 جنوری ہے تب تک مذاکرات جاری رہیں گے۔