چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات کی خبر غلط ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، نہ کوئی مذاکرات ہورہے ہیں۔ جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی وہی مذاکرات کررہی ہے۔ یہ بھی کہا بشریٰ بی بی مذاکراتی عمل میں شامل نہیں۔ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات کی کسی نے غلط خبر دی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ دو اجلاس ہوچکے ہیں، مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امید ہے کل ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی، مذاکراتی کمیٹی کے دو اجلاسوں کے علاوہ کہیں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام ہمارے یہی دو مطالبات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ان دو مطالبات کیلئے ٹائم فریم دیا ہے۔