خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر تعینات تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لینے تھانوں میں جارہے تھے کہ خیروخیل پکہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہید حکمت اللہ تھانہ پیزو اور شہید خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے، دہشت گرد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پییش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے تاریخ رقم کی، خیبرپختوںخوا پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔