کراچی میں مرغی کے بعد سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، سبزی فروشوں نے سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا دیا، من مانی قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے لگے۔
کراچی میں مرغی کی قیمت میں چند روز کے دوران 300 روپے فی کلو اضافے کے بعد آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں بھی 40 سے 60 روپے فی کلو مہنگی فروخت ہورہی ہیں۔
سبزی فروشوں نے سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا دیا، سبزی فروش من مانی قیمت میں سبزیاں فروخت کرنے لگے، آلو 81 روپے کے بجائے 100 سے 120 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے، پیاز 104 کے بجائے 140 سے 160 روپے، ٹماٹر 150 کے بجائے 160 سے 200 روپے کلو میں بیچا جارہا ہے۔
شہریوں کا شکوہ ہے کہ اب سبزیاں بھی خریدنے سے قاصر ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، سرکاری قیمت پر کوئی چیز نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کرتی نظر آتی ہے تاہم عام شہری اشیائے خور و نوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔