وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے ایبٹ آباد اور جلال پور جٹاں سے مزید 2 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایبٹ آباد سے گرفتار کے گئے ملزم کی شناخت قاری جان محمد کے نام سے ہوئی جس کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کا نام انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی تھا اور ملزم شہریوں کو غیرقانونی سمندری راستے سے یورپ بھجواتا تھا جبکہ ملزم کے موبائل سے انسانی اسمگلنگ سے متعلق ٹھوس شواہد برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ برآمد شدہ شواہد میں یونان کشتی حادثے سے متعلق مواد بھی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق جلال پور جٹاں میں بھی کارروائی کی گئی جہاں سے شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث اشتہاری حسن بٹ کو گرفتار کیا گیا۔
اشتہاری ملزم شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا بھجوانے میں ملوث ہے اور پولیس کا سابقہ ملازم ہے جبکہ ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی ترکی سے یورپ بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔
اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لئے متعدد بار چھاپے مارے گئے اور سال 2022 سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں سال 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
دوسری جانب یونان کشتی حادثے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔