مسلم لیگ ن کے مینار پاکستان لاہور پر جلسے میں شرکت اور اپنے قائد نواز شریف کے استقبال کیلئے کراچی، کوئٹہ اور پشاور سے 4 خصوصی ٹرینوں کے ذریعے تقریباً 5 ہزار افراد کے قافلے ہفتہ کو لاہور پہنچنا شروع ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف تقریباً 4 سالہ خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے کل (ہفتہ 21 اکتوبر 2023ء) کو دبئی سے پاکستان سے پہنچیں گے۔
مسلم لیگ ن کے جلسے میں ملک بھر سے کارکنوں کی شرکت کیلئے کراچی، کوئٹہ اور پشاور سے 4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کل (ہفتہ کو) لاہور پہنچنا شروع ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق اسپیشل ٹرینوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصاویر، پارٹی پرچم اور بینرز آویزاں ہیں جبکہ 4 ہزار 500 سے زائد افراد کی بکنگ کرائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنوں کیلئے چلائی گئیں خصوصی ٹرینوں کیلئے لاہور کے بادامی باغ اسٹیشن پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی سے 2 جبکہ پشاور اور کوئٹہ سے ایک ایک ٹرین ہفتے کو لاہور آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے 3 ہزار، پشاور سے ایک ہزار کارکنان کی بکنگ ہے جبکہ کوئٹہ سے بھی اسپیشل ٹرین پر 546 لیگی کارکن سوار ہوئے ہیں۔