مہنگائی سے متاثرہ عوام کیلئے ایک اور دھچکا، نئے سال کے آغاز پر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے ہفتہ کے روز انکشاف کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہنے کے باوجود مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔
وزیر خزانہ اور وزیراعظم کے درمیان مشاورت کے بعد اس معاملے پر حتمی فیصلہ 31 دسمبر کو سنایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں رد و بدل وزیراعظم کی منظوری کے بعد یکم جنوری سے کیا جائے گا۔
پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت نے 16 دسمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ترمیم کا اعلان کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر پر برقرار جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3.05 روپے فی لیٹر کمی سے 255.38 روپے ہوگئی تھی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 161.66 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 2 روپے 78 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 148.95 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔