پاکستان تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا سے سابق صوبائی وزراء کامران بنگش اور انور زیب کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان 9 مئی جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔
پشاور میں پولیس کا پاکستان تحریک انصاف کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، تھانہ چمکنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو گرفتار کرلیا، وہ 9 اور 10 مئی کو ریڈیو پاکستان اور صوبائی دفتر الیکشن کمیشن پر حملوں کے مقدمے میں نامزد ہیں۔
پولیس نے کامران بنگش کیخلاف تھانہ چمکنی میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا، جس میں کامران بنگش پر اشتہاری ملزم کو پناہ دینے اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر انور زیب کو بھی گرفتارکرلیا۔
خیبرپختونخوا پولیس نے سابق اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی ارباب شیر علی اور فضل الٰہی سمیت ضلع پشاور کے صوبائی صدر عرفان سلیم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، تاہم ملزمان کی عدم موجوگی کی بناء پر گرفتاری ممکن نہ ہوسکی۔