اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت وکلا صفائی کی عدم حاضری کے باعث بنا کارروائی 30 دسمبر تک ملتوی ہوگئی جبکہ بشریٰ بی بی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات میں 13 جنوری تک عبوری ضمانت مل گئی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی جس کے دوران ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی تو عدالت میں موجود تھے لیکن سلمان صفدر سمیت وکلا صفائی پیش نہیں ہوئے ۔
وکلاء صفائی کی ذاتی مصروفیات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ۔
عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کے بیان قلمبند کئے بغیر کیس کی سماعت پیر 30 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔
اس سے قبل بشریٰ بی بی 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں عبوری ضمانت کیلئے وکلا سمیت ڈیوٹی جج شبیر بھٹی کے روبرو پیش ہوئیں ۔
عدالت نے 50 ، 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی ۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ ترنول اور تھانہ رمنا میں مقدمات درج ہیں ۔