نائجر کی فوجی حکومت نے معزول سابق صدر محمد بازوم کی حراست سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سابق صدر محمد بازوم نے رات کو اپنے اہل خانہ، باورچیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کی ہے جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نائجر کی فوج نے رواں سال جولائی کے آخر میں سابق صدر بازوم کی حکومت کے خلاف بغاوت کی تھی اور انہیں نظر بند کر دیا گیا تھا۔
حکومتی ترجمان نے بتایا کہ نظر بند افراد کا ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے حراست سے نکلنے کا منصوبہ تھا اور انہوں نے جمعرات کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3 بجے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق محمد بازوم اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق معزول صدر نے اپنی نظر بندی کے دوران واشنگٹن پوسٹ کے لئے ایک آرٹیکل بھی لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف ہونے والی فوجی بغاوت کے ان کے ملک ، خطے اور پوری دنیا کے لئے تباہ کن نتائج ہوں گے۔