اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے نصیرات میں بڑا آپریشن شروع کردیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 فلسطینی شہید ہوگئے، 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہزار 317 تک پہنچ گئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 فلسطینی شہید اور 86 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار 317 ہوچکی ہے جبکہ اس دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 713 تک پہنچ گئی۔
عرب میڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ کے علاقے نصیرات میں صہیونی فوج نے بڑا آپریشن شروع کردیا، اسرائیلی طیاروں نے پہلے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، جس کے بعد 17 بکتر بند گاڑیوں میں اسرائیلی فوج کیمپ میں داخل گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد کو شہید اور زخمی کردیا، 20 گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں بمباری سے 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مقبوضہ بیت المقدس میں غیرقانونی یہودی آباد کار اسرائیلی فورسز کی سرپرستی میں مسجد الاقصیٰ میں گھس گئے۔