وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا ہے کہ میں بنیادی طور پر تربیت یافتہ سیاسی کارکن ہوں حادثاتی نہیں ، میں نے تمام فیصلے انسانی عقل کے مطابق کرنے ہیں۔
سماء سے خصوصی گفتگو میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی اتحادی حکومت کے قیام کو 6 ماہ ہوگئے ہیں، 29 وزارتیں ہمارے پاس ہیں جبکہ قلمدانوں کا فیصلہ ابھی کرنا ہے، وزرا نے ڈیڑھ ماہ پہلے حلف اٹھایا اور اس تاخیر کی کچھ وجوہات ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک جماعت کی حکومت نہیں اس لئے اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری تھا، اتحادی حکومت میں مخلتف پارٹیوں کے لوگ شامل ہیں ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی ترمیم کے باعث کچھ آئینی مسائل تھے جن میں ایک مسئلہ یہ تھا کہ آپ 16 سے زیادہ وزرا نہیں رکھ سکتے۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ایک جماعتی حکومت 16 وزرا سے نہیں چل سکتی تو 3 جماعتی حکومت کیسے ممکن تھی، سب سے پہلے آئینی ترمیم کرنا پڑی جس میں ڈھائی تین مہینے لگ گئے، میرے پاس مشیر نہیں جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہے، وزرا کا پورے سال کا انتظامی خرچ تقریباً 30 سے 40 کروڑ روپے ہے اور 132 ارب کے بجٹ میں یہ رقم انتہائی معمولی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے وزرا کو اسی مہینے قلمدان سونپ دیئے جائیں گے، اگر پہلے والے لوگوں کی طرح حکومت کریں تو سمجھیں انجوائے ہی کرنا ہے۔