ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابی بے ضابطگیوں پر ہمارا مؤقف واضح ہے، پاکستان میں انتخابی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان میں الیکشن پر اٹھنے والے سوالات کا جواب ملنا چاہیے ۔ قانون کی حکمرانی قائم ہونی چاہیے، پاکستان ہو یا دنیا میں کوئی اور ملک امریکا کا موقف یکساں ہے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی انتخابات میں بے ضابطگیوں سے متعلق ہم نے اس پر بات کی ہے، میں نے کئی بار اس پر بات کی اور واضح کیا کہ انتخابی بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، قانون کی حکمرانی کےاصول کے تحت جواب ملنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر زور دیا تھا۔ امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران واضح کیا تھا کہ رپورٹ کردہ انتخابی بےضابطگیوں کی تحقیقات جلد از جلد مکمل ہونی چاہیے تھی۔