محکمہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
اعلامیے کے مطابق میدانی علاقوں میں موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں 22 دسمبر سے 28 فروری 2025 تک سکول بند رہیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق بلوچستان کے سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں سولہ دسمبر سے لیکر اٹھائیس فروری تک چھٹیاں ہوں گی جبکہ بلوچستان کے گرم علاقوں کے اسکولوں کو یکم جنوری سے دس جنوری تک بند رکھا جائے گا۔
اس سے قبل پنجاب بھر کے پرائیویٹ و سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
پنجاب بھر کے اسکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا اور چھٹیوں کا سلسلہ 10 جنوری 2025 تک جاری رہےگا، اس سال اسکولوں میں موسم سرما کیلئے 20 دن کی چھٹیاں ہوں گی۔
محکمہ تعلیم سندھ نے بھی اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 22 دسمبر 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک بند رہیں گے۔