اسٹیٹ بینک نے ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے اعدادوشمار جاری کردیئےہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2024 میں 22 کروڑ ڈالرز کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں سالانہ 65 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 27 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں ایف ڈی آئی31 فیصد بڑھ کر1ارب 12کروڑ40 لاکھ ڈالرز رہی۔
اعدادو شمار کے مطابق چین، ہانک کانگ اور برطانیہ کے سرمایہ کارپاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سر فہرست رہے ، چینی انویسٹرزجولائی تا نومبر47 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، جولائی تا نومبر چائنیز انوسیٹرز کی سرمایہ کاری میں 60 فیصد اضافہ ہوا۔
ہانگ کانگ کے سرمایہ کار 11 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ، جولائی تا نومبر برطانوی سرمایہ کار11 کروڑ30 لاکھ ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پررہے ، 5 ماہ میں امریکی سرمایہ کاروں نے صرف4کروڑ 30 ڈالر کی سرمایہ کاری کی، سب سے زیادہ سرمایہ کاری پاور سیکٹر میں 45 کروڑ ڈالر اور فنانشل سیکٹر میں 25 کروڑ ڈالر کی گئی۔