وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے 37 ماہ کے پروگرام کی کامیاب تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت خرانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایم ایف کے نئے نمائندے ماہر بینیسی نے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کیلئے نئے قرض پروگرام اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے 37 ماہ کے پروگرام کی کامیاب تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا اور 7 ارب ڈالر کے پروگرام کو پاکستان کا اپنا پروگرام قرار دے دیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کا مقصد مالیاتی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہیں جبکہ نئے پروگرام کو آئی ایم ایف کی معاونت حاصل ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت گزشتہ 14 ماہ میں اعتماد اور ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور اس اعتماد اور ساکھ کو برقرار رکھنا ضروری ہے، اس سے جامع اور پائیدار ترقی کا راستہ ہموار ہو سکے گا۔
وزرات خزانہ کے مطابق محمداورنگزیب نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مشاورت کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ آئی ایم ایف کے نمائندہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔