وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کے ریونیو میں اضافے سے خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔
بدھ کو وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور جاری اور مستقبل کے منصوبوں پرغور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے روڈ نیٹ ورک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، انفرااسٹرکچر کی بہتری سے غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ معاشی اور کاروباری اہمیت کی حامل شاہراہوں کی تعمیراور بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم سکس اور ایم نائن موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جا سکتا ہے اور مانسہرہ سے کاغان اور ناران روڈ کو موٹروے کی طرز پر بنایا جائے گا ۔