بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے ستمبر 2023 میں بھیجی گئی رقم 6 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مجموعی رقم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023 میں 139 ملین ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی گئی۔ اس نئے اضافے کے بعد رواں سال میں اب تک 6 اعشاریہ 756 ارب ڈالر پاکستان منتقل ہوئے۔ ستمبر 2023 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا بیلنس 429 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن اکاؤنٹس کھولنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترسیلات زر قومی خزانے کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھیجتے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں ورکرز ترسیلات دو ارب 20 کروڑ ڈالرز رہیں اور یہ ترسیلات اگست کے مقابلے 11 اعشاریہ 18 کروڑ ڈالرز سے زیادہ ہیں۔ ستمبر 2023 میں سعودی عرب سے 53 اعشاریہ آٹھ کروڑ ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے 39 اعشاریہ 98 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں قانونی طریقے سے پیسے بھیجنے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا منصوبہ متعارف کروایا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی بآسانی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنے ملک میں ناصرف اپنا بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں بلکہ سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں۔ اس نظام کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو بینک جانے تک کی ضرورت نہیں پڑتی۔