نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہریوں، اسپتال اور اسکول کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا جنگی جرم ہے، عالمی برادری فلسطینوں کا قتل عام فوری بند کرائے۔
نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسپتال پر حملہ غیر انسانی فعل ہے جس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، عالمی قانون جنگ میں بھی اسپتالوں اور عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی برادری اسرائیلی کارروائیاں روکنے کے لیے فوری حرکت میں آئے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کے لئے الفاظ کم پڑ گئے ہیں، نہتے بے گناہ فلسطینیوں کے سفاکانہ قتل عام پر خاموشی قاتل ریاست کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔
چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔
صادق سنجرانی نے کہا صیہونی دہشت گرد ریاست اسرائیل کی نفرت انگیز جارحیت بے نقاب ہوگئی، فلسطینی عوام کی آزادی کا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پانچ سو سے زیادہ فلسطینی شہریوں کی شہادت پر شدید رنج پہنچا ، طاقت کے نشے میں مست اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرکے خوراک اور ادویات کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔
نگران وزیر داخلہ
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کے دل مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، عالمی برادری غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔