وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ پاکستان کے لئے مشرقی یورپ تک تجارتی گیٹ وے ہوسکتا ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں آذربائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر نے شرکت کی اور آذربائیجان کے حالیہ دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستانی سفیر سے متعلقہ امور پر غوروخوض اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آذربائیجان کے مختلف سرکاری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری اور نجکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے قاسم محی الدین سے فالو اپ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وڈیو لنک اجلاس میں مواصلات و نجکاری کے وفاقی سیکرٹری کی بھی شریک ہوئے اور انہوں نے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آذربائیجان سے مواصلات میں 2 موٹرویز ایم 6 اور ایم 9 میں سرمایہ کاری زیرغور ہے، ترکیہ اور آذربائیجان کے پاکستان میں سفیروں کے ساتھ جلد علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کروں گا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ دسمبر کے جوائنٹ کمیشن اجلاس سے پہلے ہوم ورک مکمل کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری ، سرمایہ کاری اور مواصلات میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، مشرق وسطیٰ پاکستان کے لئے مشرقی یورپ تک تجارتی گیٹ وے ہوسکتا ہے، باکو میں رواں ماہ ہونے والی کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی۔