ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق عیدالفطر سے پہلے ہفتہ وار مہنگائی میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح 7 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جن میں ٹماٹر 25 فیصد جبکہ زندہ برائلر مرغی 7.33 فیصد تک مہنگی ہو گئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ڈبل روٹی، انڈے، بیف، آلو، انرجی سیور، لکڑی اور سگریٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 24.46 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایک سال کے دوران سرخ مرچ 15.20 فیصد اور بیف 11.72 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں خشک دودھ کی قیمت میں 10 فیصد جبکہ مٹن کی قیمت میں 9.61 فیصد اضافہ بھی سامنے آیا ہے۔
گزشتہ سال کی نسبت ڈیزل کی قیمت میں30 فیصد ،پیٹرول کی قمیت میں 25.75 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں گیس چارجز بھی 30 فیصد تک بڑھ گئے۔
ایل پی جی بھی سالانہ بنیاد پر 23.86 فیصد تک مہنگی ہوگئی ہے۔




















