پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس کاسنگ میل عبور کرلیا۔ دنیا کی دوسری بہترین اسٹاک مارکیٹ کا اعزاز پی ایس ایکس کے نام رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے بڑے دن کا شاندار اختتام ہوگیا، آج دنیا کی دوسری بہترین اسٹاک مارکیٹ کا اعزاز پی ایس ایکس کے نام رہا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 813 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 82 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی بہتری نے سرمایہ کاروں کو اسٹاک مارکیٹ کی جانب راغب کیا، ایم ڈی اسٹاک ایکسچینج کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ مستقبل میں مزید نئے ریکارڈ بنائے گی۔
اس سال مارکیٹ نے سرمایہ کاروں کو 60 فیصد سے زائد ریٹرن دینے کا ریکارڈ بنادیا، مارکیٹ صرف 17 ماہ 150 فیصد گروتھ کے ساتھ 40 ہزار پوائنٹس سے 1 لاکھ پوائنٹس تک پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 3500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم گزشتہ روز سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے بعد 100 انڈیکس میں 4500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور پھر انڈیکس 99 ہزار 239 پوائنٹس کر جا کر بند ہوا۔
مبصرین کے مطابق گزشتہ 17 ماہ میں پاکستان کے سٹاک ایکسچینج نے 40 ہزار سے ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کا سفر طے کیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں اس تاریخی اضافہ کی کئی وجوہات ہیں جن میں دوست ممالک کا تعاون، عالمی مالیاتی اداروں (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کی کامیاب پیشرفت، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حمایت شامل ہیں۔ ان عوامل نے پاکستان کی معیشت میں استحکام پیدا کیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔