پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے بینکوں ، سفارتخانوں ، آئی ٹی فرمز اور فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن ضروری قرار دے دی۔
اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے وی پی این سے متعلق مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وی پی اینز کی رجسٹریشن اور سہولت کاری کے عمل پر توجہ دی گئی۔
اجلاس میں وزارت آئی ٹی، وزارت خارجہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سی ای او پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن، اور سی ای او پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن بھی اجلاس کا حصہ تھے۔
پی ٹی اے نے ڈیٹا سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور بغیر کسی رکاوٹ کے انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے وی پی این کی رجسٹریشن پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق سافٹ ویئر ہاؤسز، آئی ٹی فرمز، بینکوں، سفارت خانوں، اور فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے کاروباری تسلسل اور محفوظ انٹرنیٹ کو یقینی بناتے ہوئے وی پی این رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
پاشا کی جانب سے مشورہ دیا گیا کہ غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے حوالے سے مشاورت کے لیے مزید وقت دیا جائے۔