آذربائیجان میں مختلف ممالک کے وزرا اور مندوبین پر مشتمل کوپ ٹونٹی نائن ٹرانسپورٹ سیشن ہوا جس دوران وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ بڑے شہروں میں آبادی کابڑھتا دباؤ اور ائیر کوالٹی انڈیکس میں اضافہ تشویشناک ہے۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز،گرین اور متبادل توانائی ضروری ہیں۔
کوپ ٹونٹی نائین ٹرانسپورٹ سیشن میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں پاکستانی وفد شریک ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سے چلنے والی کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے کام کا آغاز ہو چکا۔ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشن اور دیگر ضروریات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ پاکستان دوہزار تیس تک تیس فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا خواہاں ہے۔ الیکٹرک وہیکلز کی کراچی سمیت بڑے شہروں میں زیادہ حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
کراچی میں پہلے بائیو میتھین ہائی برڈ بسوں کا فلیٹ ایندھن کی سو فیصد بچت کرے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترقی پذیرممالک کو روز بروز کلائمیٹ چینج اور سموگ جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ملک میں نیشنل گرین ٹرانسپورٹ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا آپشن موجود ہے۔ باکو میں کوپ ٹونٹی نائن جیسے فورم کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایسے منصوبوں کیلئے مضبوط پالیسی فریم ورک اور ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔