پاکستان اسٹاک ایکسچنج ( پی ایس ایکس ) نے نئی تاریخ رقم کردی، مارکیٹ میں پہلی بار 96 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور ہوگیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر کاروبار کا اختتام ہوا ۔
اسٹاک مارکیٹ نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئی اور منگل کو مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا، اسٹاک مارکیٹ 95 ہزار پوائنٹس کی اہم حد کے بعد دوران ٹریڈنگ پہلی بار 96 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور کرگئی۔
مارکیٹ نے دوران ٹریڈنگ 1040 پوائنٹس بڑھ کر 96036 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو بھی چھوا ، تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکی ۔
ہیسکول پیٹرولیم کا شیئر ساڑھے 6 کروڑ حصص کے سودوں کے ساتھ آج بھی سر فہرست رہا جس کی قیمت میں 1 روپے کے اضافے سے 10 روپے 24 پیسے پر اپر لاک لگ گیا ۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 861 پوائنٹس بڑھ کر 95856 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج مارکیٹ میں 30 ارب روپے مالیت کے 83 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔