پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے لگے، اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے لگے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر سیکریٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کیا، جس میں ویگن اونرز اور ڈرائیور ویلفیئر ایسو سی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
حکام سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد ویگن اونرز ایسوسی ایشن نے کرائے 10 فیصد کم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ضلع اسلام آباد کی حدود میں چلنے والے 23 مختلف روٹوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم وصول کئے جائیں گے۔
نگران حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی تھی، جس میں پیٹرول 40 روپے اور ڈیزل 15 روپے سستاکیا گیا تھا۔