وزیراعظم شہباز شریف کی باکو میں چینی نائب وزیرِاعظم ڈنگ شوئیشیانگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیووف سے الگ الگ ملاقاتیں ہو ئیں ، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شہبازشریف نے ماحولیاتی تبدیلی پر آذربائیجان سمیت دیگر ممالک سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق کاپ ٹونٹی نائین کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیرِاعظم کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لئے اقدمات سے بھی آگاہ کیا۔ کہا حکومت چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ چینی نائب وزیرِ اعظم نے بھی پاکستان کے ساتھ مل کر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کا عزم دہرایا۔ دونوں ملکوں کےعوام کی ترقی و خوشحالی کیلئےتعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغام میں یہ بھی بتایا کہ آزربائیجان کے صدر الہام علیووف سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلی پر آزربائیجان سمیت دیگر ممالک سے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کہا آزربائیجان کے صدر سے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ معیشت،دفاع، ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کا مستقبل کے مشترکہ اہداف کے حصول میں تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔