پاکستان کرکٹ بورڈ نے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ کے دوران سمیر احمد سید کو نیا چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی میں سہ پہر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ ہوئی جس میں باضابطہ طور پر سمیر احمد سید کو سی ای او تعینات کر نے کی منظوری دی گئی ۔
سمیر احمد، جو ایک تجربہ کار سرکاری افسر ہیں اور وسیع انتظامی تجربہ رکھتے ہیں، نے حالیہ وزیر اعظم کے دفتر میں جوائنٹ سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ وہ سلمان نصیر کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے، جنہیں پی سی بی کے چیئرمین کے مشیر اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ سلمان نصیر نے بطور سی او او اپنی پانچ سالہ مدت کے اختتام کے بعد یہ عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دیا تھا۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سمیر احمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے سلمان نصیر کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ سمیر ایک بہترین شخصیت ہیں جو انتظامی صلاحیتیں کے حامل ہیں اور گہری صنعت سے متعلق معلومات رکھتے ہیں ۔ ہم ان کو پی سی بی فیملی میں خوش آمدید کہنے پر بہت خوش ہیں اور پُرامید ہیں کہ ان کی قیادت میں ہم اپنے انتظامی ڈھانچوں کو مضبوط کرتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچیں گے ۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق سلمان نصیر نے پی سی بی میں اپنی قیادت کے دوران ناقابل فراموش خدمات سرانجام دی ہیں۔ پی ایس ایل کو ایک خودمختار ادارے کے طور پر قائم کرنے اور 2026 میں لیگ میں مزید دو ٹیمیں شامل کرنے کے منصوبے کو مد نظر رکھتے ہوئے، ہم نے انہیں پی ایس ایل کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا ہے۔ وہ چیئرمین کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔
سمیر احمد سید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ بننا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ پی سی بی چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کا اعتماد اور تعاون کے لیے مشکور ہوں۔ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس سفر کا حصہ بننے کا خواہشمند ہوں۔یہ ادارہ بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے اور کرکٹ پاکستان کے عوام کے لیے ایک متحد کرنے والی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف آپریٹنگ آفیسر کے طور پر اپنے عہدے کے دوران، میں چیئرمین کی وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہوں، جس میں قومی ٹیموں کی کامیابیاں، انفراسٹرکچر میں بہتری، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے مواقع کی توسیع اور اچھی گورننس شامل ہے۔