آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ بارڈر گواسکر ٹرافی کا چوتھا ٹیسٹ میچ ہے جو کہ میلبرن میں کھیلا جا رہا ہے جبکہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنالیے ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگ کا آغاز کرنے والے 19 سالہ نوجوان اوپنر سیم کونسٹاس اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے اپنی اننگ میں بھارتی بولر جسپریت بمرا کے خلاف غیر معمولی شاٹس کھیل کر پہلے ہی میچ میں کافی توجہ حاصل کرلی ہے جبکہ ان کے اور بھارتی سٹار بیٹر ویرات کوہلی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد کوہلی کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سیم کونسٹاس نے بطور اوپنر اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 65 گیندوں پر 60 رنز کی تیزترین اننگ کھیلی جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
19 سالہ کونسٹاس اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چوتھے سب سے کم عمر آسٹریلوی کھلاڑی ہیں اور انہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے ڈیبیو پر تیسری تیز ترین نصف سنچری بنائی جبکہ ساتھ ہی بطور اوپنر یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
بمراہ کو دو چھکے
کونسٹاس نے جسپریت بمراہ کی 33 گیندوں کا سامنا کیا اور 34 رنز بنائے جبکہ ایک اوور میں 18 رنز بھی سکور کیئے اور بمراہ کے ٹیسٹ کیرئیر کا یہ مہنگا اوور بن گیا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’ کرک انفو ‘ کے مطابق جنوری 2021 سے ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بیٹر نے بمراہ کو چھکا نہیں لگایا لیکن کونسٹاس نے بھارت کے مایہ ناز بولر کو دو چھکے بھی لگائے۔
ڈرنکس بریک پر ’ فاکس کرکٹ براڈکاسٹ ‘ سے بات کرتے ہوئے کونسٹاس کا کہنا تھا کہ ’’ میں بمراہ کو ٹارگٹ کرنا جاری رکھوں گا اور میں دوبارہ سامنا کرنے کے لئے منتظر ہوں ‘‘۔
کوہلی سے تلخ کلامی
کونسٹاس اور ویرات کوہلی کے درمیان میچ میں گرما گرم جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ یہ واقعہ اننگ کے 10 ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا۔
کوہلی نے کونسٹاس کی توجہ ہٹانے کے لیے ان پر تلخ جملے کسے اور انہیں کندھے سے دھکا بھی دیا تاہم، عثمان خواجہ نے معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی اور بعدازاں، میچ آفیشلز نے مداخلت کر کے معاملہ ختم کروایا۔
کوہلی کے ساتھ ہونے والی تلخ کلامی پر کونسٹاس کا کہنا تھا کہ "جو کچھ بھی میدان میں ہوتا ہے وہ میدان میں رہتا ہے۔"
آئی سی سی کی جانب سے کندھے سے دھکا دینے پر کوہلی کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
آسٹریلوی وزیر اعظم کی تعریف
نوجوان اوپنر کی اننگ کو شائقین کرکٹ کی جانب سے کافی سراہا گیا اور آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں آسٹریلوی وزیر اعظم نے لکھا کہ ’’ سیم کونسٹاس، بہت خوب ‘‘۔