جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، اسکول اور دفاتر بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو میں تھل جیپ ریلی کے موقع پرڈپٹی کمشنرکی جانب سے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ضلع بھر میں 8 نومبر بروز جمعہ چھٹی ہوگی۔
دوسری جانب اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں 17 نومبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈی جی ماحولیات نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 12 ویں جماعت اور کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کے تحت اے لیول تک بند رہیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد میں بھی اسکولز بند رہیں گے، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ملتان میں بھی اسکول بند رہیں گے، ان اضلاع میں مذکورہ تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، اسکولوں کی بندش کے فیصلے کا اطلاق 17 نومبر تک ہوگا۔