امریکا کی جانب سے آج صدارتی انتخابات کی رات ہی ہائپرسونک جوہری میزائل کا تجربہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے ، پینسلوینیا کی کیمبریا کاونٹی میں ووٹنگ مشین میں خرابی رپورٹ ہوئی جس کے بعد پولنگ کا وقت مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے ، جارجیا کی فولٹن کاونٹی میں 2 پولنگ سٹیشن میں مبینہ بم کی اطلاع پر پولنگ 30 منٹ تک معطل رہی تاہم کلیئرنس کے بعد دوبارہ شروع کروا دی گئی۔
رپبلکن کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے پالم بیچ میں اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیا اور صحافیوں سے گفتگو میں اپنی جیت یقینی ہونے کا ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طرف انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے تو دوسری طرف آج ہی امریکا ہائپرسونک جوہری میزائل کا تجربہ کرے گا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی فوج میزائل تجربے کے لیے تیار ہے اور انٹرکانٹی نینٹل بیلسٹک میزائل ’منٹ مین تھری‘ کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان کیلی فورنیا کے وینڈنبرگ اسپیس فورس بیس سے لانچ کیا جائے گا۔
انتخابات کی رات میزائل تجربے پر کچھ امریکیوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا جسے امریکی فوج نے یہ کہہ کر مسترد کردیا ہے کہ اس حوالے سے وقت کا تعین پہلے کیا گیا تھا۔