محکمہ ماحولیات نے لاہور میں اسموگ کے خطرات کے پیش نظر ریڈالرٹ جاری کردیا۔
لاہور میں اسموگ کے خطرات پھر منڈلانے لگے ہیں اور شہر کو اسموگ کے نئے اسپیل کا خطرہ لاحق ہے جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
بھارت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے لاہور کا رخ کر رکھا ہے اور ائیر کوالٹی انڈیکس شدید متاثر ہونے جارہا ہے جبکہ فضائی آلودگی کا یہ زہر پہلے ہی شہریوں کو متاثر کررہا ہے۔
دوسری جانب فضا میں زہر گھولتی اسموگ ملتان تک جاپہنچی اور ائیرکوالٹی انڈیکس نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، رحیم یار خان اور بہاولپور بھی اسموگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں، موٹرسائیکل رکشے اور باربی کیو پوائنٹس پر پابندی کے باوجود کئی علاقوں میں ایس او پیز کی دھجیاں سرعام اڑائی جارہی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے اگر بیماریوں سے بچنا ہے تو احتیاط کرنا ہوگی۔