سابق امریکی صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی الیکشن کی دوڑ ضرور جیتیں گے۔
امریکا کے صدارتی انتخابات کا انعقاد 5 نومبر کو ہوگا جن میں سابق صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس سے ہے۔
شمالی کیرولینا میں خطاب کرتے ہوئے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ تمام سوئنگ اسٹیٹس پر ہم ہی کامیابی حاصل کریں گے اور صدارتی الیکشن کی دوڑ ضرور جیتیں گے۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہارنا نہیں ہے،عوام وائٹ ہاؤس پہنچنے کیلئے ہمیں ووٹ دیں۔
اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کریں گے اور معیشت مزید بہتر بنائیں گے، اقتدار میں آکر جرائم پیشہ افراد کا ملک میں داخلہ بند کردوں گا اور میکسیکو سے آنیوالے مجرموں کا راستہ روکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دور میں امریکا کی معیشت دنیا کی بہترین معیشت تھی اور امریکا کی سرحدیں بھی محفوظ تھیں۔
یاد رہے کہ امریکا کے 60 ویں صدراتی الیکشن میں تقریباً 24 کروڑ امریکی حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں جن میں سے 7 کروڑ پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں ۔
اس الیکشن میں 435 ایوان نمائندگان کے ممبران، 33 سینیٹرز، اور 13 گورنرز کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انتخابات کے نتائج کا فیصلہ نیشنل پاپولر ووٹ نہیں بلکہ الیکٹورل کالجز کے ذریعے ہوتا ہے اور ہر ریاست میں الیکٹورل ووٹ کی تعداد آبادی پر منحصر ہے، لہذا قومی سطح پر انتخابی نتیجے کا انحصار بڑی ریاستوں پر بھی ہوتا ہے۔
صدارتی الیکشن جیتنے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 538 الیکٹورل ووٹ میں سے 270 درکار ہیں اور خاص طور پر سوئنگ سٹیٹس اہمیت کی حامل ہوں گی جہاں 93 الیکٹورل ووٹس انتہائی اہم ہیں۔