پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ون ڈے کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کی جس دوران چیئرمین پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے ساتھ ملاقات کے دوران آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز کیلئے ٹیم کی اچھی کارکردگی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور کہا کہ آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز میں قوم کو آپ کی قیادت میں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی با صلاحیت اور پروفیشنلز ہیں، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں ٹیم آسٹریلیا اور زمبابوے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا کامیابی کی ضمانت ہے ، ٹیم اگر ٹیم بن کر پرفارم کرے گی تو کوئی آپ کو ہرا نہیں سکتا۔ کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے بھرپور اعتماد کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر کپتان محمد رضوان نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا و زمبابوے کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ملاقات میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر بھی موجود تھے ۔ کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا آج دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔