پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ عمران خان صحت مند اور ہائی اسپرٹ میں ہیں اور انہوں نے آئینی ترامیم کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مشاورت جاری رکھنے کا کہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ وہ صحت مند اور ہائی اسپرٹ میں ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ سو سال بھی جیل میں گزارنے پڑے گزاروں گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ 5 روز تک سیل میں بجلی نہیں تھی،2 ہفتے سے اخبار نہیں مل رہا ، ٹی وی نہیں اور ایکسرسائز بھی نہیں کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران عمران خان سے آئینی ترامیم پر مشاورت کی، وہ آئین کی بالادستی چاہتےہیں،مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کا احوال ان کے سامنے رکھا ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے ہمارے ساتھ اتفاق کیا تھا جو بھی ترامیم آئیں گی ہم ساتھ چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کو ہم دوبارہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے، انہوں نے کہا یہ سنجیدہ معاملہ ہے مولانا فضل الرحمان سے مشاورت جاری رکھیں گے، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عمر ایوب ، شبلی فراز ، احمد بھچر اور علی امین بھی مشاورت کیلئے آئیں ۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم کی عزت پر کمپرو مائز نہیں کروں گا اور انہوں نے بہنوں کی گرفتاری پر اظہار افسوس کیا ہے۔